Tuesday, June 18, 2019

شوبز ڈائری: سلمان خان کی تعریف، دپیکا اور رنویر کی مصروفیات اور نانا پاٹیکر کے لیے پولیس کی کلین چٹ

حال ہی میں نانا پاٹیکر میڈیا اور اخبارات کی سرخیوں کی زینت اس وقت بنے جب پولیس نے انھیں اداکارہ تنو شری دتہ کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے کیس میں بے قصور قرار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنتا اور ان کے خلاف شواہد نہیں ملے ہیں۔
پولیس کی جانب سے یہ رپورٹ جاری کیے جانے کے بعد اداکارہ تنو شری دتہ نے ایک بیان میں کہا کہ 'وہ بد عنوان سسٹم اور لوگوں کے خلاف اکیلے لڑتے لڑتے تھک گئی ہیں۔‘ ان کا دعوی تھا کہ پولیس نے ان کی جانب سے دیے گئے گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے بغیر ہی رپورٹ جاری کر دی جبکہ نانا کے خلاف انڈسٹری میں دوسری عورتوں نے بھی ایسے ہی الزامات لگائے تھے۔
تنو شری دتہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'انہیں اس بات پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیونکہ انڈیا میں ایک عورت ہونے کے ناطے ہمیں اس طرح کی چیزوں کی عادت ڈال لینی چاہیے۔'
اس سے پہلے پولیس نے پروڈیوسر ونیتا نندہ کی شکایت پر بالی ووڈ اور ٹی وی کے مشہور اداکار آلوک ناتھ کے خلاف ریپ کا کیس درج کیا تھا۔ آلوک ناتھ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے ونیتا کے خلاف مان ہانی کا مقدمہ بھی کیا تھا۔ دیگر دو اداکاراؤں نے بھی ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔
بعد میں آلوک ناتھ بھی ضمانت پر رہا کر دیے گئے۔ جبکہ فلسماز ساجد خان کو ایسے ہی الزامات کے بعد فلم ہاؤس فل کی سیریز سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
سلمان خان کی فلم ایک بار پھر باکس آفس پر ہٹ رہی۔ عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’بھارت‘ نے اچھا بزنس تو کیا ہی ساتھ ہی ناقدین نے بھی ان کے کام اور فلم کی تعریف کی جس پر سلمان نے چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ جب ناقدین میری فلم کی تعریف کریں تو ڈر لگتا ہے کیونکہ ناقدین، ان کی اور ان کے مداحوں کی رائے ایک دوسرے سے بلکل نہیں ملتی۔
دبنگ خان کا کہنا تھا کہ ان کے الٹی میٹ کریٹکس (ناقد) انکے پرستار ہیں۔ فلم بھارت میں سنہ 1947 میں ملک کی تقسیم سے لے کر سنہ 2010 تک کے حالات کو بخوبی طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی اور اس دوران مصائب اور تکالیف جھیلنے والے ایک خاندان کی کہانی پیش کی گئی ہے۔
اس موقع پر سلمان نے ایسے خاندانوں کے لیے فلم کی سپیشل سکریننگ رکھی جو تقسیمِ ملک کے وقت ایک دوسرے سے جدا ہو گئے تھے۔ بعد ازاں ان کی تصاویر سوشل میڈیا پرشائع کی گئیں۔
آجکل رنویر سنگھ اور دپیکا پادوکون اپنی اپنی فلموں کی شونگ میں مصروف ہیں۔
دپیکا تیزاب حملے کی شکار لڑکی کی کہانی پر بنائی جانے والی کی فلم ’چھپک‘ اور رنویر کبیر خان کی فلم 83 میں الجھے ہوئے ہیں۔
یہ سب جانتے ہیں کہ رنویر اپنی بیگم دپیکا کے دیوانے ہیں اور زیادہ سے زیادہ وقت ان کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اصل زندگی کی طرح پردے پر بھی دپیکا ہی ان کی بیوی کا کردار بہتر انداز میں نبھا پائیں گی، اور اس لیے فلم 83 جس میں وہ کپل دیو کا کردار نبھا رہے ہیں دپیکا ان کی آن سکرین بیوی کی روپ میں نظر آئیں گی۔
پہلے تو دپیکا اس کردار کے لیے تیار نہیں تھیں کیونکہ فلم میں کپل دیو کی بیوی کا رول زیادہ بڑا نہیں ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ ایک چھوٹے سے کردار کے لیے 14 کروڑ روپے کے بڑا چیک ملنے پر دپیکا انکار نہیں کر پائیں۔

No comments:

Post a Comment